چھتیس گڑھ میں بس حادثہ، کم از کم 13 ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ Yagwalkya
Image caption ابتدائی طور پر جو معلومات حاصل ہوئي ہیں اس کے تحت جب یا حادثہ پیش آيا اس وقت بس کی رفتار کافی تیز تھی اور اسی کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا

انڈيا کی ریاست چھتیس گڑھ میں ایک مسافر بس کو پیش آنے والے حادثے میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ حادثہ بدھ کی شب ضلع بلرام پور کی حدود میں پیش آیا ہے۔

اس حادثے میں کئی مسافر شدید زخمی بھی ہوئے ہیں تاہم پولیس حکام کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ نہیں ہے۔

مقامی پولیس سپرینٹنڈنٹ سدانند کمار کے مطابق:’مہندرا ٹریولز نامی کمپنی کی بس ریاست جھارکھنڈ کے علاقے گڑھوا سے چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور کے لیے روانہ ہوئی تھی اور رات کو تقریباً ساڑھے دس یا گیارہ بجے کے آس پاس دل دھووا علاقے کے پاس بے قابو ہوکر ایک نالے میں گر گئی۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Yagwalkya
Image caption بلرام پور ضلع ہسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے افراد میں سے بعض کی حالت انتہائی تشویشناک ہے

سدانند کمار کے مطابق ابتدائی طور پر حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق جب یہ حادثہ پیش آيا تو بس کی رفتار کافی تیز تھی اور یہی حادثے کی وجہ بنی۔

حادثے کا شکار ہونے والی بس میں کل 63 افراد سوار تھے جن میں سے شدید زخمی ہونے والے 16 افراد کو سرگوجا اور بلاس پور کے ہسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ 22 افراد کو بلرام پور کے ضلعی ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔

اسی بارے میں