ممبئی پونے ایکسپریس وے حادثے میں 17 افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ ashwin.aghor
Image caption لگژری بس اور انووا گاڑی ٹکر کے بعد ایک گڑھے میں جا گری

انڈیا کے معروف شہر ممبئی میں پونے ایکسپریس وے پر اتوار کی صبح پنویل کے قریب ہونے والے ایک حادثے میں 17 لوگ ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں چھ ماہ کا ایک بچہ بھی شامل ہے۔

اس حادثے میں 33 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ اور انھیں نوی یعنی نئی ممبئی کے ایم جی ایم ہسپتال میں داخل کرايا گیا ہے۔

حادثہ اتوار کی صبح تقریباً تین بجے صبح پنویل کے پاس ہوا۔

ممبئی پولیس کنٹرول روم کے مطابق پونے سے ممبئی کی جانب آنے والی ایک مارتي سوفٹ کار کا ٹائر پنویل کے قریب پنکچر ہو گیا تھا. اس کار کے مسافروں کی مدد کے لیے پیچھے سے آنے والی ایک انووا کار وہاں رکی۔

جب یہ لوگ سوئفٹ کار کا ٹائر تبدیل کر رہے تھے تو ستارا سے ممبئی جانے والی ایک پرائیوٹ لگژری بس نے دونوں کاروں کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔

تصویر کے کاپی رائٹ ashwin.aghor
Image caption زخمیوں کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے

اس تصادم کے بعد بس اور انووا ایک 20 فٹ گہری کھائی میں جا گريں۔

حادثے میں ایک چھ ماہ کے بچے، دس خواتین اور چھ مردوں سمیت 17 لوگوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ 33 دیگر مسافر شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی نوی ممبئی پولیس اور ہائی وے پولیس کی ٹیمیں ایمبولینسوں کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچیں اور فوری طور پر امدادی کام شروع کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ ashwin aghor
Image caption انڈیا میں سڑک حادثے عام ہیں

نوی ممبئی پولیس نے مقدمہ درج کر کے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔

ایک جائزے کے مطابق انڈیا میں سڑک حادثے میں سب سے زیادہ اموات ہوتی ہیں اور اس کی وجہ ٹریفک اصولوں کی پروا نہ کرنا، سڑکوں کا خراب ہونا اور حد سے زیادہ تیز گاڑی چلانا وغیرہ شامل ہیں۔

اسی بارے میں