انڈیا میں ماں بننے پر چھ ماہ کی چھٹی دینے کا بل

تصویر کے کاپی رائٹ THINKSTOCK
Image caption زچگی کے دوران چھٹی کے بل میں ہونے والی ترامیم سے تقریبا 18 لاکھ کام کرنے والی خواتین کو فائدہ پہنچےگا

انڈیا کی مرکزی حکومت نے ایک اہم فیصلے کے تحت ملازمت پیشہ خواتین کو بچے کی پیدائش کے بعد تین ماہ کے بجائے چھ اب ماہ کی تعطیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

مرکزی کابینہ نے زچگی کے دوران ماں کو ملنے والي تعطیل تین ماہ سے بڑھا کر چھ ماہ کرنے کو منظوری دے دی ہے۔

حکومت نے ان خواتین کو بھی تین ماہ کی چھٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے جو بچے کوگود لینا چاہتی ہوں۔

غور طلب بات یہ ہے کہ ایسی خواتین کو جنھیں پیدائش کے بعد چھ ماہ کی چھٹی ملے گی انھیں ملازمت کے دوران ملنے والی تمام سہولیات، جیسے تنخواہ اور دیگر مراعات، بھی ملتی رہیں گی۔

Image caption حکومت نے ان خواتین کو بھی تین ماہ کی چھٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے جو بچے کوگود لینا چاہتی ہوں

سرکاری آل انڈیا ریڈیو کے مطابق حکومت نے 26 ہفتوں ملنے والی اس تعطیل کو پہلے دو بچوں کی پیدائش تک محدود رکھا ہے۔ اور تیسرے یا اس سے زیادہ بچے ہونے پر تعطیل کی مدت 12 ہفتے ہی ہوگی۔

انڈیا کی وزارت محنت چاہتی ہے کہ اس سے متعلق بل کو پارلیمنٹ کے موجودہ اجلاس میں پیش کیا جائے اور اسے منظوری مل جائے۔

یہ قوانین ان تمام اداروں پر نافذ ہوں گے جس میں 10 یا اس سے زائد ملازمین کام کرتے ہیں۔

زچگی کے دوران چھٹی کے بل میں ہونے والی ترامیم سے تقریباً 18 لاکھ کام کرنے والی خواتین کو فائدہ پہنچےگا۔

اسی بارے میں