کشمیر: چیف جسٹس حملے میں زخمی

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس مصطفیٰ مغل ایک حملے میں زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس مصطفیٰ مغل مظفرآباد میں یونیورسٹی گروانڈ میں شام کے وقت چہل قدمی کر رہے تھے کہ جھاڑیوں سے کسی نامعوم شخص نے ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ان کے پیٹ میں ایک گولی لگی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس کو مظفرآباد میں قائم کمبائینڈ ملڑی ہسپتال یعنی سی ایم ایچ میں منتقل کیا گیا ہے جہاں وہ انتہائی نگہداشت میں زیرِ علاج ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس نے بتاتا کہ حملہ آور موقعے سے فرار ہوگئے اور ان کی تعداد اور محرکات کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تاہم مظفرآباد شہر سے باہر جانے والے تمام راستوں کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔