قرضوں کا بحران، برسلزمیں سربراہی اجلاس

بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں یورپی ملکوں کا سربراہی اجلاس بدھ کو منعقد ہو رہا ہے جس میں یونان کو قرضوں کے بحران کے حل کے لیے مختلف تجاویز پر غور ہو گا۔

یورپ میں پیدا ہونے والے قرضوں کے اس بحران پر یورپی ملکوں کے اعلی سرکاری اہلکاروں میں پہلے ہی بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔

ایک سرکاری اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ مذاکرات کو سربراہی اجلاس میں مکمل کر لیا جائے گا اور اس کے بعد کسی اور سربراہی اجلاس کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

اس اجلاس میں جو تجاویز زیر غور ہیں ان میں یونان کو قرضوں کے بحران سے نکالنے کے لیے اس کے معاف کیے جانے والے قرضوں کی رقم میں اضافے کی تجویز شامل ہے۔

اس کے علاوہ اس اجلاس میں اٹلی اور سپین کو یہ یقن دہانی کرانے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے کہ اگر انہیں ضرورت پڑے تو وہ مزید قرضے حاصل کر سکتے ہیں۔

یونان کی ممکنہ طور پر قرضوں کی ادائیگی میں ناکامی کی صورت میں بڑے بڑے یورپی کمرشل بینکوں کو مزید مستحکم کرنے کی تجویز بھی اجلاس کے پیش نظر ہے۔