معاشی بحران، فرانس کا یونان کو انتباہ

یورو کرنسی استعمال کرنے والے سب سے بڑے ممالک فرانس اور جرمنی نے یونان کو خبردار کیا ہے کہ اسے معاشی بحران سے بچانے کے لیے اس وقت تک نیا مالی پیکج نہیں دیا جائے گا جب تک یہ واضح نہیں ہو گا کہ یونان یورو زون یعنی یورو کرنسی استعمال کرنے والے ممالک کے اتحاد کا حصہ رہنا چاہتا ہے یا نہیں۔

فرانس اور جرمنی نے گزشتہ ہفتے یونان کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کیا تھا جو ایک مرتبہ پھر دیوالیہ ہونے کے خطرے سے دوچار ہے لیکن بدھ کی شب فرانسیسی شہر کانز میں ایک ہنگامی اجلاس کے دوران فرانسیسی وزیرِاعظم جارج پپینڈریو کو کہا گیا کہ جب تک یونانی عوام یورو زون میں رہنے کا فیصلہ نہیں دیتے اس وقت تک یورپی امدادی رقم یونان کو نہیں دی جائے گی۔

جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے کہا کہ ہم یونان کی مدد کرنا چاہتے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ یورو زون کا حصہ رہے لیکن یونان نے ریفرنڈم کا یکطرفہ فیصلہ کیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’اب ہمارا بھی یہی فیصلہ ہے کہ امداد کی چھٹی قسط اسی وقت دی جائے گی جب یونان اپنے فیصلوں میں واضع ہو جائے گا اور تمام شکوک کو دور کر دے گا۔ اس کا مطلب یہ کہ ریفرنڈم میں یونان کے عوام یہی فیصلہ کریں کہ وہ یورو زون کا حصہ رہنا چاہتے ہیں۔‘

اس موقع پر یونانی وزیرِ اعظم جارج پپینڈریو نے کہا کہ یورپ سے مشروط امدادی پیکج لینے کے بارے میں ریفرنڈم چار دسمبر تک ہو جائے گا۔

انہوں نے زور دیا کہ یونانی عوام یورو زون کی رکنیت پر فخر کرتے ہیں اور انہیں امید ہے کہ ریفرنڈم کا نتیجہ یورو زون کے حق میں آئے گا۔