اٹلی: مجوزہ اقتصادی اصلاحات کی منظوری

اٹلی کی پارلیمینٹ کے ایوان بالا یعنی سینٹ نے ملک کے لیے مجوزہ اقتصادی اصلاحات کی منظوری دے دی ہے۔

یہ اصلاحات یورو زون اور خود اٹلی کو درپیش قرضوں کے بحران کے خاتمے کی کوششوں کا اہم حصہ ہے۔

توقع ہے کہ سینٹ کے بعد پارلیمینٹ کا ایوانِ زیریں بھی اس ہفتے کے اختتام پر اسے منظور کر لے گا اور اس کے بعد اٹلی کے وزیرِاعظم سیلویو بیئرلسکونی اپنے وعدے کے مطابق وزارتِ عظمی سے استعفی دیدیں گے۔

امکان ہے کہ ان کی جگہ یورپی یونین کے سابق کمشنر ماریو مونتی وزارتِ عظمی سنبھالیں گے لیکن تجزیہ کار کہتے ہیں کہ وزیرِاعظم کی تبدیلی کے باوجود اٹلی کو اپنی معیشت میں توازن پیدا کرنے کے انتہائی مشکل ہدف کا سامنا کرنا پڑے گا۔