قطر کے شاہی خاندان کے باز تحویل میں

پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کسٹم حکام نے قطر سے لائے جانے والے 74 کے قریب باز تحویل میں لے لیے ہیں۔

کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ یہ باز قطر کے شاہی خاندان کا ایک فرد کراچی ہوائی اڈے لایا تھا مگر قانونی دستاویزات موجود نہیں تھے۔

کسٹم کے ترجمان قمر الدین تھلو نے بی بی سی کو بتایا قطر سفارتخانے سے آنے والے ایک اہلکار نے چوبیس بازوں کی اجازت لے رکھی تھی مگر جب وہ ایئرپورٹ پہنچا تو اس کے پاس مقررہ تعداد سے 74 باز زیادہ تھے، جن کی قانونی دستاویزات موجود نہیں تھیں۔