ٹیکس ادائیگی، تحریک انصاف کا دفتر سیل

لاہور کی جیل روڈ پر واقع تحریک انصاف کا مرکزی سیکرٹریٹ صوبائی محکمہ ایکسائز نے سیل کردیا تاہم پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی کے بعد سیکرٹریٹ کھول دیا گیا۔

محکمہ ایکسائز کے حکام کا کہنا تھا کہ سیکرٹریٹ کی عمارت کا ساڑھے تین لاکھ روپے کا پراپرٹی ٹیکس ادا نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے عمارت کو سیل کیا گیا۔

تحریک انصاف کے کارکن اطلاع ملنے پر مرکزی دفتر پہنچ گئے اور حکومت پنجاب کے خلاف نعرے بازی کی۔ حکومت پنجاب کے ترجمان کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کے حکم پر دفتر کھول دیا گیا۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ایکسائز کو ادائیگی کر دی گئی ہے البتہ پارٹی رہنما محمود الرشید نے کہا کہ وہ محکمہ ایکسائز کے موقف کو درست تسلیم نہیں کرتے انہوں نے کہا کہ ٹیکس ادائیگی کی آخری تاریخ میں ابھی ایک روز باقی تھا لیکن بوکھلاہٹ میں محکمہ کی ٹیم نے ایک روز پہلے ہی دفتر سیل کردیا۔