عرب لیگ:’شام پر سخت پابندیوں کا فیصلہ‘

مصر کے دارالحکومت قاہرہ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عرب لیگ کے وزراء خزانہ نے فیصلہ کیا ہے کہ شامی رہنماؤں کے خلاف سخت پابندیاں عائد کرنے کی تجویز دی جائے گی۔

عرب لیگ نے شام کی جانب سے عوام کے خلاف طاقت کے استعمال پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پابندیوں کا حتمی فیصلہ اتوار کو وزراء خارجہ کے اجلاس میں کیا جائے گا تاہم ابتدائی ڈرافٹ کے مطابق شامی حکومت کے اثاثے منجمد اور اہلکاروں پر سفری پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جمعہ کو عرب لیگ کی شام کو دی گئی مہلت ختم ہو گئی تھی جس کے تحت شام ایک نگراں مشن کو ملک میں آنے کی اجازت دے نہیں تو اس کے خلاف پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔شام نے عرب لیگ کے اس الٹی میٹ کا کوئی جواب نہیں دیا تھا۔