سعودی عرب پر احتجاج کو دبانے کا الزام

انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سعودی عرب پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے عرب ممالک میں آنے والی احتجاجی لہر کو اپنے ملک میں دبانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔

ادارے نے اپنی نئی رپورٹ میں کہا ہے کہ نمایاں اصلاح پسند شخصیات سمیت ہزاروں افراد کو غیر منصفانہ سماعت کے بعد انہیں سزائیں سنا دی گئی ہیں۔

ادارے نے سعودی وزارتِ داخلہ پر الزام لگایا ہے کہ وہ ماورائے عدالت اختیارات حاصل کررہی ہے تاکہ اسے انسانی حقوق کی پامالی پر استثنیٰ حاصل رہے۔

ایمنسٹی نے ایک عبوری قانون کی نشاندہی کی جس کے تحت ریاست کی ساکھ کو نقصان پہنچانا دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے جبکہ ادارے نے سعودی عرب میں تشدد کے طریقوں کے مسلسل استعمال کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ تاہم سعودی حکومت نے اس کی تردید کی ہے۔