کوئٹہ میں سڑکوں پر کیمرے نصب

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں عاشورہ محرم الحرام کے حوالے سے تمام ممکنہ حفاظتی انتظامات مکمل کرلئےگئے ہیں۔ کوئٹہ پولیس کی پانچ ہزار نفری کے علاوہ فرنٹیر کور کی ستائیس پلاٹون اور لیویز کے پانچ سو اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پاک فوج بھی ہر قسم کی مدد کیلئے دستیاب ہوگی ان خیالات کا اظہار صوبائی سیکرٹری داخلہ نصیب اللہ بازئی نے گزشتہ روز کوئٹہ میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے علاوہ صوبے کے دیگر سات حساس اضلاع جعفرآباد ، نصیرآباد جھل مگسی ،خضدار،لورالائی ،ژوب اور کچھی میں عاشورہ محرم کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔

کوئٹہ میں عاشورہ محرم کے جلوس کے راستوں پر گیارہ مقامات پر بتیس سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔