امریکی ڈرون طیارہ ایران نے مار گرایا

ایران نے کہا ہے کہ ملک کے مشرقی حصہ پر پرواز کرنے والے ایک بغیر پائلٹ کے امریکی ڈرون طیارے کو مار گرایا گیا ہے۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ یہ ڈرون طیارہ جو جاسوسی کی غرض سے استعمال کیا جاتا ہے جدید ترین ’آر کیو ون سیونٹی‘ سیریز کا تھا۔ ایرانی ذرائع ابلاغ پر یہ دعوی بھی کیا جا رہا ہے کہ ڈرون طیارہ کو بہت زیادہ نقصان نہیں پہنچ تھا اور اس کا ڈھانچہ حاصل کر لیا گیا ہے۔

راڈار کو نظر نہ آنے والے اس طیارہ بنانے اور اس کو استعمال کرنے کا اعلان امریکہ نے دو سال قبل ہی کیا تھا۔

ایرانی فوجی حکام نے کہا ہے کہ ایران کی فضائی حدود کی اس طرح کی خلاف ورزیوں کا رد عمل آئندہ ایران کی فضائی حدود تک محدود نہیں رہے گا۔

امریکہ نے حال ہی میں ایران پر جوہری ہتھار بنانے کے الزام میں اقتصادی پابندیوں کو مزید سخت کر دیا تھا جس کے بعد مغربی ممالک نے بھی ایسے ہی اقدامات کیے ہیں۔ ایران کا کہنا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے۔

}