روس میں متنازع انتخابات کے خلاف مظاہرہ

آج روس کے دارالحکومت ماسکومیں پارلیمانی انتخابات کے نتائج کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہورہا ہے۔

ملک کی حزب اختلاف کا دعوٰی ہے کہ یہ روس میں بیس سال میں ہونے والا سب سے بڑا مظاہرہ ہوگا۔

متنازعہ پارلیمانی انتخابات پر غصے کا اظہار کرنے کے لیے لاکھوں افراد کریملن کے جنوب میں جمع ہو رہے ہیں جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں چھوٹی ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔

مظاہرین کا الزام ہے کہ اتوار کے روز ہونے والے انتخابات میں دھوکہ دہی کی گئی۔ ان انتخابات میں وزیر اعظم ولادیمیر پوتین کی حکمران جماعت متحدہ رشیہ پارٹی کو معمولی برتری حاصل ہوئی۔

وزیرِ اعظم پوتین کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران گزشتہ ہفتے سینکڑوں لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔ زیادہ گرفتاریاں ماسکو اور سینٹ پیٹرز برگ میں ہوئیں۔ .