’پاکستان سے بہتر تعلقات لازمی ہیں‘

امریکی وزیرِ دفاع لیون پنیٹا کا کہنا ہے کہ پاکستان سے تعلقات بہتر بنائے بغیر امریکہ کا افغانستان میں جنگ جیتنا ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے یہ بات منگل کو افغانستان جاتے ہوئے طیارے میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ضروری ہے کہ جیسے جیسے ہم افغانستان میں اپنی کوششوں میں آگے بڑھیں ہمیں پاکستان سے بھی بہتر تعلقات بنانا ہوں گے‘۔لیون پنیٹا نے کہا کہ ’یہ مشکل اور پیچیدہ تعلقات رہے ہیں لیکن یہ اہم تعلقات ہیں اور ہم ان پر کام کرتے رہیں گے‘۔

امریکی وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ان شعبوں میں تعاون کیا ہے جو امریکہ کے لیے اہم تھے لیکن اس کے ساتھ ساتھ فاٹا اور افغان سرحد کے ملحقہ علاقے میں سرگرم گروپوں کے خلاف کارروائی کے سلسلے میں کچھ سنجیدہ مشکلات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’اس خطے میں استحکام کے لیے لازم ہے کہ ہم نہ صرف افغانستان کے مسئلے کا پرامن حل نکالیں بلکہ پاکستان کے ساتھ بھی ایک مستحکم تعلق قائم کرنے میں کامیاب رہیں‘۔