کراچی: آفاق احمد کو جیل سے رہا کر دیا گیا

مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کو کراچی کی سینٹرل جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔

کراچی جیل کے ڈپٹی سپریٹینڈنٹ پولیس خالد شیخ نے بی بی سی کو بتایا کہ آفاق احمد کو عدالت کے حکم پر رہا کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے واٹر بورڈ کے ملازم جمیل بلوچ کے اغوا کے آخری مقدمے میں بھی آفاق احمد کی ضمانت منظور کر لی تھی اور ان کی رہائی کا حکم جاری کیا تھا جس کے بعد سندھ کی صوبائی حکومت نے ایم پی او کے تحت آفاق احمد کو تیس روز کے لیے نظر بند کردیا تھا۔

جمعے کو سندھ ہائی کورٹ نے ان کی نظر بندی کو کالعدم قرار دے دیا تھا جس کے بعد سے ان کی رہائی کا سنیچر کو متوقع تھی۔