عراق: وزیراعظم مالکی کو ہٹانے کا مطالبہ

عراق میں سنّی العقیدہ سیاستدانوں کے مرکزی گروپ نے ملک کے شیعہ وزیراعظم نوری المالکی کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

عراقیہ کے ایک ترجمان نے بدھ کو کہا ہے کہ وہ نوری المالکی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کا ارادہ رکھتےہیں اور اس سلسلے میں باقاعدہ درخواست دینے والے ہیں۔

ترجمان نے وزیراعظم مالکی کی جانب سے تمام سیاسی دھڑوں کو دی جانے والی بات چیت کی دعوت بھی رد کر دی ہے۔

عراق میں یہ حالیہ سیاسی بحران امریکی فوجیوں کی عراق سے انخلاء کے اگلے دن ہی دہشتگردی کے الزامات میں عراق میں سنی مسلک کے سینیئر ترین سیاستدان اور ملک کے نائب وزیراعظم طارق الہاشمی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے کے بعد شروع ہوا ہے۔