’بغداد بم دھماکے،حکومتی عناصر ملوث ہیں‘

عراق کے نائب صدر طارق الہاشمی نے الزام عائد کیا ہے کہ جمعرات کو بغداد میں ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں میں ملوث عناصر کا تعلق عراقی حکومت سے ہے۔

جمعرات کو بغداد میں ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں میں ستر کے قریب افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

عراق کے نائب صدر نے بی بی سی فارسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صرف حکومت کا ملوث ہونا اس بات کی وضاحت کر سکتا ہے کہ کس طرح بمباروں نے اتنی بڑی تعداد میں دھماکہ خیز مواد بغیر کسی رکاوٹ کے نصب کیا۔

اس سے پہلے عراق میں سنّی العقیدہ سیاستدانوں کے مرکزی گروپ نے ملک کے شیعہ وزیراعظم نوری المالکی کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔

عراق میں یہ حالیہ سیاسی بحران امریکی فوجیوں کی عراق سے انخلاء کے اگلے دن ہی دہشتگردی کے الزامات میں عراق میں سنی مسلک کے سینیئر ترین سیاستدان اور ملک کے نائب صدر طارق الہاشمی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے کے بعد شروع ہوا ہے۔