بھارت:ہڑتال کرنے والے چار سو ڈاکٹرگرفتار

بھارت کی مغربی ریاست راجستھان میں حکومت نے ہڑتال پر گئے تقریبا چار سو ڈاکٹروں کو گرفتار کیا ہے اور متعدد کو ان کی ملازمت سے برطرف کر دیا گيا ہے۔

سرکاری ڈاکٹر گزشتہ کئی روز سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر ہیں جس سے ہسپتالوں میں بھرتی مریضوں کے لیے مشکلات پیدا ہوگئی ہیں۔

ریاست میں پانچ ہزار سے زیادہ ڈاکٹر تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ کر رہے ہیں جنہوں نے جمعہ کو اپنے استعفے پیش کر دیے دیے تھے۔

ہڑتال جمعرات سے جاری ہے اور اب حالات سے نمٹنے کے لیے حکومت نے محکمہ ریل اور فوج میں شامل ڈاکٹروں سے مدد طلب کی ہے۔