صدر زرداری دبئی چلے گئے

اطلاعات کے مطابق پاکستانی صدر آصف علی زرداری نجی دورے پر دبئی کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔

افسران کا کہنا ہے کہ صدر زرداری گزشتہ ماہ اپنے علاج کے لیے دبئی گئے تھے اور اب ایک شادی میں شرکت کے لیے واپس گئے ہیں اور جلدی ہی واپس آجائیں گے۔

حال ہی میں حکومت اور فوج کے درمیان کشیدگی کے سبب پاکستان میں عدم اتحکام کے خدشات پیدا ہو گئے تھے۔

پاکستانی فوج نے بدھ کو ایک بیان میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے اس بیان پر تنقید کی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ فوج اور اس کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے سربراہوں نے متنازع میمو کے معاملے میں حکومت کی منظوری کے بغیر جس طرح سپریم کورٹ میں براہ راست بیانات جمع کرائے، وہ غیرآئینی عمل تھا۔

فوج کا کہنا تھا کہ یہ الزامات بہت سنجیدہ ہیں اور ان کے نتیجے میں ملک کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔