بابر اعوان کا لائسنس عارضی طور پر معطل

پاکستان کی سپریم کورٹ نے بھٹو ریفرنس کیس میں صدر کے وکیل بابر اعوان کا لائسنس عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔

منگل کو سپریم کورٹ نے ذوالفقارعلی بھٹو کی سزا سے متعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت کے دوران بابر اعوان سے پوچھا کہ آپ نے ابھی تک توہین عدالت کے نوٹس پر جواب کیوں جمع نہیں کروایا جس پر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ انہیں جواب داخل کروانے کے لیے مزید مہلت دی جائے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ جب تک آپ جواب داخل نہیں کروائیں گے آپ کا لائسنس معطل رہے گا اور آپ کسی بھی کیس میں پیش نہیں ہو سکتے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ صدارتی ریفرنس میں کسی دوسرے وکیل کے مقرر ہونے تک بھٹو ریفرنس کیس کی سماعت معطل رہے گی۔