آنگ سان سو چی ضمنی انتخاب لڑیں گی

برما کی جمہوریت نواز سیاسی رہنما آنگ سان سو چی نے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے رجسٹریشن کروائی ہے۔

نیشنل لیگ آف ڈیموکریسی نامی سیاسی جماعت کی سربراہ رنگون کے جنوب مغرب میں کواہمو کی نشست پر یکم اپریل کو ہونے والے الیکشن میں حصہ لیں گی۔

آنگ سان سو چی کو نومبر 2010 میں بیس سال کی نظر بندی کے بعد رہا کیا گیا تھا۔

برما میں ضمنی انتخابات میں اڑتالیس نشستوں پر مقابلہ ہوگا۔ یہ نشستیں اس وقت خالی ہوئی تھیں جب کابینہ کے ارکان نے اپنی وزارتیں سنبھال لی تھیں۔

آنگ سان سو چی کی جانب سے رجسٹریشن کے کاغذات جمع کروانے کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی تھی لیکن جب وہ انتخابی دفتر سے باہر نکلیں تو ان کے سینکڑوں حامی ان کے استقبال کے لیے جمع تھے۔

.