پاکستان میں ایجنٹس، نارویجن خفیہ چیف مستعفی

ناروے کی داخلی خفیہ ایجنسی کی سربراہ نے یہ خفیہ معلومات افشاء کرنے کے بعد استعفٰی دے دیا ہے کہ ناروے کے خفیہ ایجنٹ پاکستان میں کام کر رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ بات ناروے کی وزارتِ قانون کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہی گئی ہے۔

جین کرسچیانسن ناروے کے خفیہ ادارے پی ایس ٹی کی سربراہ تھیں جو ملک کی داخلی سکیورٹی کا ذمہ دار ادارہ ہے۔

انہوں نے ایجنٹس کی پاکستان میں موجودگی کا انکشاف نارویجن پارلیمان کے سامنے بیان دیتے ہوئے کیا تھا لیکن انہوں نے ان ایجنٹس کی وہاں موجودگی کی وجہ بیان نہیں کی تھی۔