’جامع مذاکرات کا عمل شروع کیا جائے‘

پاکستان نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے جامع مذاکرات کا عمل شروع کیا جائے جس میں تمام فریق شامل ہوں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے امریکہ اور طالبان کے درمیان جاری ابتدائی مذاکرات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ’ہماری ہمیشہ سے ہی یہ خواہش رہی ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو اور ہم یہ بھی سمجھتے ہیں کہ افغانستان میں امن صرف طاقت کے استعمال سے نہیں آسکتا ہے اس کے لیے ضروری ہے کہ جامع مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا جائے جس میں تمام فریق شامل ہوں۔‘

ان کے بقول ’ہمیں اس بات کا بھی شدت سے احساس ہے کہ جو بھی عمل شروع ہو اس کی سربراہی خود افغانستان کرے اور یہ ہی ہمیشہ سے ہماری کوشش رہی ہے۔‘

وزرات خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے کہا کہ کہ باہر کی دنیا اس عمل میں سہولت فراہم کرسکتی ہے لیکن بلآخر جو فیصلے کرنے ہیں وہ افغانیوں نے خود کرنے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں جو بھی کوشش ہوگی پاکستان اس کی حمایت کرے گا۔