صدر صالح کا حکم، ’میری تصاویر اتار دی جائیں‘

یمن کی ریاستی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یمنی صدر نے عوامی مقامات سے اپنی تصاویر اتار کر ان کے نائب کی تصاویر آویزاں کرنے کا حکم دیا ہے۔

ریاستی خبر رساں ایجنسی صباء کے مطابق علی عبداللہ صالح نے حکم دیا ہے کہ تمام سکوائرز، عمارتوں، سڑکوں اور دفاتر سے ان کی تصاویر اتار دی جائیں اور ان تصاویر کے جگہ نائب صدر منصور ہادی کی تصاویر آویزاں کی جائیں۔

امکان ہے کہ صدر صالح اگلے ہفتے ہونے والے انتخابات کے بعد ہادی کو اقتدار حوالے کردیں گے۔ ان انتخابات میں ہادی واحد امیدوار ہیں۔

واضح رہے کہ خلیجی ممالک کی کوششوں کے بعد صدر صالح اقتدار سے علیحدہ ہونے پر آمادہ ہوئے تھے۔