محمد عامر اتوار کو وطن واپس پہنچ رہے ہیں

فاسٹ بولر محمد عامر سپاٹ فکسنگ کیس میں سزا مکمل کرنے کے بعد اتوار کے روز وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔

محمد عامر کے مقامی کوچ آصف باجوہ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ اتوار کے روز لندن سے پاکستان پہنچنے والے ہیں۔

واضح رہے کہ سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر انہیں لندن کی عدالت نے چھ ماہ قید کی سزا سنائی تھی تاہم اچھے رویے کے سبب انہیں گزشتہ ماہ تین ماہ کی سزا کے بعد ہی رہائی مل گئی تھی۔

انیس سالہ محمد عامر کو ان کی کم عمری کے سبب مرکزی جیل کے بجائے جنوب مغربی لندن میں اصلاحی مرکز میں رکھا گیا تھا۔