ڈیرہ بگٹی میں جھڑپ، تین مزاحمت کار ہلاک

بلوچستان کے شورش زدہ علاقے ڈیرہ بگٹی میں سکیورٹی فورسز اور بلوچ مزاحمت کاروں کے درمیان ایک جھڑپ میں تین بلوچ مزاحمت کار ہلاک جبکہ ایف سی کے دواہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

یہ واقعہ ڈیرہ بگٹی شہر سے پچیس کلومیٹردور پیر سوری کے علاقے میں جمعرات کی شام اس وقت پیش آیا جب بلوچ مزاحمت کاروں نے فرنٹیئر کور کے ایک قافلے پر خود کارہتھیاروں سے حملہ کیا۔

اس حملے میں ایف سی کے دواہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر بذریعہ ہیلی کاپٹر کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔

فرنٹیئرکور کے ترجمان مرتضیٰ بیگ کے مطابق حملے کے بعد ایف سی نے جوابی فائرنگ کی جس کے باعث تین مزاحمت کار ہلاک جبکہ کئی حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔