ایران سے مذاکرات پر عالمی طاقتیں راضی

یورپی یونین کا کہنا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام پر چھ بڑی عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان نئے سرے سے مذاکرات شروع کرنے پر رضا مندی ہوگئی ہے۔

یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کیتھرین ایشٹن نے کہا ہے کہ انہوں نے سلامتی کونسل کے پانچ اراکین اور جرمنی کی جانب سے ایرانی خط کا جواب دے دیا ہے۔ تاہم جگہ اور وقت کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔

ایرانی مذاکرات کار سعید جلیلی نے گزشتہ ماہ خط بھیجا تھا جس میں مذاکرات کی تجویز دی گئی تھی۔

یہ اقدام ایسے وقت کیا گیا ہے جب ایران کو اس کے جوہری پروگرام سے روکنے کے لیے اس پر حملہ کرنے کی قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں۔