’سیاستدانوں میں 348 ملین روپے تقسیم کیے‘

پاکستانی سیاست، انتخابات اور حکومتوں کی تشکیل میں پاکستانی فوج اور اس کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے مشکوک کردار کو چیلنج کیے جانے کے مقدمے کی سماعت کے دوران سابق بینکار یونس حبیب نے عدالت کو بتایا ہے کہ انہوں نے سنہ انیس سو نوے کے انتخابات سے قبل سیاستدانوں میں تقریباً پینتیس کروڑ روپے تقسیم کیے تھے۔

جمعرات کو اس معاملے پر ریٹائرڈ ایئر مارشل اصغر خان کی درخواست کی سماعت کے دوران یونس حبیب نے عدالت میں اپنا تحریری بیان جمع کرواتے ہوئے اس سکینڈل کا حصہ بننے پر معافی مانگی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ان پر اتنا دباؤ تھا کہ اس کے سوا ان کے پاس کوئی چارہ نہیں تھا۔

اپنے بیان میں یونس حبیب نے کہا کہ سابق فوجی سربراہ جنرل اسلم بیگ نے انہیں سابق صدر غلام اسحاق خان سے ملوایا تھا۔