’شام نے کوفی عنان کی تجاویز کا جواب دیا ہے‘

اقوام متحدہ کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ شام نے کوفی عنان کی جانب دی جانے والی تجاویز کا جواب دیا ہے۔

اہلکاروں کے مطابق شام کو ملک میں امن کے قیام کے حوالے سے دی جانے والی تجاویز کے جواب کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاہم اس حوالے سے مزید کوئی تفیصل نہیں بتائی ہے۔

دریں اثناء شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق صدر بشارالاسد کی وفادار فوج نے ترکی کی سرحد کے قریب باغیوں کے ایک مضبوط گڑھ ادلیب پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

شام میں حزب اختلاف کے کارکنوں نے تصدیق کی ہے کہ تین روز کی بمباری کے بعد فوج کو شہر میں تعینات کیا گیا ہے تاہم انھیں باغی جنگجووں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔

اس سے پہلے شامی صدر نے مئی میں پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا تھا۔ شامی صدر کے اس اعلان کو امریکہ نے مضحکہ خیز قرار دیا تھا۔

خیال رہے کہ شام کے بحران پر اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے مشترکہ ایلچی اور اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل کوفی عنان نے گزشتہ دنوں شام کے دورے کے دوران صدر بشار الاسد سے ہونے والے ملاقات میں انھیں ٹھوش تجاویز سونپی تھیں۔

گزشتہ روز منگل کو اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ شام میں جاری عوامی تحریک میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد آٹھ ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔