صدر کا پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری سنیچر کے روز پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اس اجلاس سے پہلے انھوں نے کراچی کی صورتحال پر پیدا ہونے والی سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے کوششیں شروع کر دی تھیں۔

صدر آصف علی زرداری نے جمعے کی رات متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین کو ٹیلیفون کرکے ان سے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے ۔ صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق دونوں رہنماوں نے اتحادی جماعتوں کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔

اس سے پہلے صدر آصف علی زرداری نے وزیر داخلہ رحمان ملک کو کراچی کی صورتحال بہتر کرنے کے لیے اقدامات کا حکم دیا تھا۔ یاد رہے جمعے روز متحدہ قومی موومنٹ نے بھتہ خوری کے خلاف قومی اور سندھ اسمبلی میں احتجاج کیا تھا۔