’یہودی سکول میں فائرنگ، حملہ آور کی تلاش‘

فرانس کے شہر طلوز میں ایک یہودی سکول میں فائرنگ کے واقعے میں ایک ٹیچر اور تین بچوں کی ہلاکت کے بعد پولیس حملہ آور کو تلاش کر رہی ہے۔

فرانسیسی پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کا تعلق اسی علاقے میں پچھلے ہفتے ہونے والے دو حملوں سے ہو سکتا ہے، جس میں شمالی افریقہ سے تعلق رکھنے والے تین فوجی مارے گئے تھے۔

واقعے کی تفتیش سے آگاہی رکھنے والے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ تینوں حملوں میں ایک ہی گن اور سکوٹر استعمال کی گئی۔

پولیس اس واقعے کی تفتیش دو ممکنہ وجوہات کی بنیاد پر کر رہی ہے کہ یا تو اس کے پیچھے مسلمان شدت پسندوں کا ہاتھ ہو سکتا ہے یا پھر انتہائی دائیں بازو والے افراد کا۔

واقعے کے بعد رات دیر تک سینکڑوں سوگواروں نے مرنے والوں کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔