شمالی کوریا کا راکٹ تجربہ ’ناکام‘

شمالی کوریا نے عالمی برادری کی تنقید اور مخالفت کے باوجود طویل فاصلے تک جانے والے سیٹلائٹ راکٹ کا تجربہ کیا ہے تاہم اطلاعات ہیں کہ یہ تجربہ ناکام رہا ہے۔

سیول میں جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع کے ترجمان کم من سیوک نے صحافیوں کو بتایا کہ راکٹ جمعہ کی صبح مقامی وقت کے مطابق سات بج کر انتالیس منٹ پر چلایا گیا۔

تاہم جاپان اور جنوبی کوریا سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق راکٹ پرواز کے ڈیڑھ منٹ بعد سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا جبکہ امریکہ کا کہنا ہے وہ جاننے کی کوشش کر رہا ہے کہ تجربے کے دوران کیا ہوا۔

شمالی کوریا کی جانب سے تاحال راکٹ کے تجربے کے بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

پیانگ یانگ کا کہنا ہے کہ اس راکٹ سے ایک مصنوعی سیارے کو خلاء میں بھیجا جانا تھا لیکن اس پر نکتہ چینی کرنے والوں کو اس بات کا خدشہ ہے کہ یہ ایک دورمار میزائل کی ٹیکنالوجی کا تجربہ تھا۔