ہوائی حادثہ: ایک سو پندرہ لاشوں کی شناخت ہوگئی

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے نواح میں مسافر طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والے ایک سو ستائیس افراد میں سے ایک سو پندرہ کی شناخت کر لی گئی ہے جبکہ بارہ لاشوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا۔

یہ بات سنیچر کی شام اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ندیم یوسف زئی نے کہی۔

ہوائی جہاز کا حادثہ نجی ایئر لائن کمپنی بھوجا ایئر کے جہاز کو جمعہ کی شام پیش آیا تھا۔

بی ایچ او - 213 بوئنگ 737 طیارہ کراچی سے اسلام آباد آ رہا تھا اس میں ایک سو اکیس مسافر اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے۔