ایران کی تیل کی وزارت کے کمپیوٹروں پر وائرس حملہ

ایران کی تیل کی وزارت اور سرکاری تحویل میں چلنے والے کئی کاروباروں کے کمپیوٹروں پر وائرس حملہ ہوا ہے۔

ایران کے ایک سرکاری اہلکار نے خبر رساں ادارے مہر کو بتایا کہ تیل کی وزارت اور کئی دیگر سرکاری محکموں کے کپمیوٹروں پر وائرس حملہ ہوا ہے۔

اطلاعات کے مطابق کمپیوٹر وائرس کا حملہ انتہائی شدید تھا اور اس سے انٹرنیٹ کا نظام درہم برہم ہو گیا تھا۔

خبر رساں ادارے مہر کے مطابق تیل کی وزارت کے کمپیوٹر کئی دنوں سے بیکار پڑے ہیں۔

اہلکار نے کہا کہ وائرس سے تیل کی پیدوار اور اس کی ترسیل متاثر نہیں ہوئی ہے۔

ایران میں گزشتہ دو سالوں میں کئی بار وائرس کے حملے ہو چکے ہیں۔ ایران الزام لگاتا رہا ہے کہ اسرائیل اور کئی مغربی ممالک ان وائرس حملوں کے ذمہ دار ہیں۔