ریڈ کراس کے مغوی اہلکار کی لاش برآمد

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ سے پولیس کو پانچ ماہ قبل اغواء کیے جانے والے ریڈ کراس کے نمائندے ڈاکٹر خلیل اسجد کی لاش ملی ہے۔

ڈاکٹر خلیل کو نامعلوم افراد نے کوئٹہ سے ہی اغواء کیا تھا اور بعد میں طالبان نے اس کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

کوئٹہ سے بی بی سی کے نامہ نگار ایوب ترین کے مطابق اتوار کی صبح ایئرپورٹ روڈ پر مغربی بائی پاس کے قریب پولیس کو ایک لاش ملی جس سے فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ لایاگیا۔

پولیس کو لاش کے ساتھ ایک پرچی بھی ملی جس کے مطابق یہ لاش آئی سی آر سی بلوچستان کے ڈاکٹرخلیل اسجد کی تھی اور طالبان نے ان کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے لکھا تھا کہ جلد ہی ہلاکت کی ویڈیو بھی جاری کر دی جائے گی۔