بحرین: مقدمے کی سماعت دوبارہ ہوگی

بحرین کی حزب اختلاف کے سرکردہ کارکن عبدالہادی الخواجہ اور ان کے بیس دیگر ساتھیوں کے خلاف مقدمے کی سماعت دوبارہ کی جائے گی۔

بحرین کی ایک اپیل کورٹ نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کے کارکنوں کے خلاف مقدمے کی دوبارہ سماعت سول کورٹ میں کی جائے گی۔

بحرین کی ایک فوجی عدالت نے گزشتہ برس جون میں ریاست کے خلاف سازش کرنے کے جرم میں خواجہ کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

اپیل کورٹ کی طرف سے خواجہ کے مقدمے کی دوبارہ سماعت کرنے کے فیصلے پر حزب اختلاف کے کارکن خوش نہیں ہیں کیونکہ مقدمے کی سماعت تک وہ زیرِ حراست ہی رہیں گے۔

خواجہ نے تین ماہ قبل بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ ان کا مقدمہ حزب اختلاف کے کارکنوں کو متحد اور متحرک کرنے کی ایک وجہ بن گیا ہے۔