’اڈیالہ سے جدہ کا سفر کس فیصلے پر ہوا‘

وزیراعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے حزبِ اختلاف کے قائد میاں نواز شریف سے سوال کیا کہ اڈیالہ جیل سے جدہ تک کا سفر انہوں نے کس عدالت کے فیصلے کے تحت کیا تھا۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ عدالت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور اپیل میں جائیں گے۔ ان کے بقول اب تک انہیں تفصیلی فیصلہ نہیں دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز لیگ کو جلد بازی کس بات کی ہے۔ ان کے بقول وہ نواز لیگ کے نمائندے نہیں بلکہ عوام کے نمائندے ہیں اور وہ کسی کے کہنے سے وزارتِ عظمٰی سے استعفٰی نہیں دیں گے۔

ڈرون حملے روکنے کے بارے میں پارلیمان کی سفارشات پر امریکہ کے ساتھ بات چیت سے متعلق انہوں نے کہا کہ ابھی بات چیت شروع ہوئی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ان سفارشات میں یہ بھی ہے کہ پاکستان کسی کے خلاف دہشت گردی کے لیے اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دے گا۔