’لیاری کے لوگ پیپلز پارٹی سے خفا ہیں‘

سندھ کے وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ نے تسلیم کیا ہے کہ لیاری کے لوگ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت سے خفا ہیں، مگر بقول ان کے یہ ناراضگی عارضی ہے اور حکومت کچھ ایسے اقدامات کرے گی جس سے صورتحال بہتر ہوجائےگی۔

کراچی میں پیر کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت لیاری میں بے قصور شہریوں کی ہلاکت کی تحقیقات کرائے گی، مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ اس آپریشن میں پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

اس موقعے پر وزیر اعلیٰ نے لیاری میں ہلاک ہونے والے شہریوں کے لیے فی خاندان پانچ لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے دو لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے لیاری کے لیے خصوصی پیکیج کا بھی وعدہ کیا مگر اس کی تفصیلات بیان نہیں کیں۔

دوسری جانب سی آئی ڈی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ شیر شاہ کے علاقے سے کالعدم علیحدگی پسند تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی کے تین کارکنوں کو اسلحے سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے گرفتار افراد کی شناخت صیفل، عبدلغفار اور شمس الدین کے نام سے کی ہے۔

اسی بارے میں