ڈاکٹر خلیل چشتی کو پاکستان جانے کی اجازت

بھارت کی سپریم کورٹ نے معمر پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر خلیل چشتی کو عارضی طور پر پاکستان جانے کی اجازت دیدی ہے لیکن انہیں قتل کے ایک کیس میں سزا کے خلاف اپنی اپیل کی سماعت سے قبل بھارت واپس لوٹنا ہوگا۔

عدالت نے کہا کہ ڈاکٹر چشتی کو پانچ لاکھ روپے کی ضمانت دینی ہوگی اور یکم نومبر سے پہلے انہیں بھارت واپس لوٹنا ہوگا۔

ڈاکٹر چشتی کو قتل کے ایک بیس سال پرانے کیس میں سزا سنائی گئی تھی جس کے خلاف انہوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

عدالت کے فیصلے کے بعد ڈاکٹر چشتی نے کہا کہ وہ بے حد خوش ہیں اور آخرکار انہیں انصاف ملا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ حکومت پاکستان سے ان بھارتی قیدیوں کی رہائی کی اپیل کریں گے جو اپنی سزائیں پوری کرنے کے بعد بھی پاکستانی جیلوں میں قید ہیں۔