امریکی ڈرون حملے میں آٹھ غیر ملکی ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں ایک امریکی ڈرون حملے میں آٹھ غیر ملکی ہلاک ہوگئے ہیں۔

مقامی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ جمعرات کو علی الصبح میر علی کے نواحی گاؤں ایسو خیل میں پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی جاسوس طیارے نے ایک مکان پر دو میزائل داغے جس سے مکان مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ اس سے متصل مسجد کو نقصان پہنچا۔

اہلکار کے مطابق حملے میں مکان میں موجود پانچ غیر ملکی باشندے موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ تین زخمیوں نے بعد میں دم توڑ دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد کا تعلق ترکمانستان سے تھا۔