دمیتری مدیودیو ’یونائیٹڈ رشیا‘ کے سربراہ منتخب

وزیرِ اعظم دمیتری مدیودیو روس کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ’یونائیٹڈ رشیا‘ کے بلامقابلہ سربراہ منتخب ہو گئے ہیں۔

یہ عہدہ اس سے پہلے روسی صدر ولادمیر پوتن کے پاس تھا اور اس عہدے کے لیے دمیتری مدیودیو کو نامزد بھی صدر پوتن نے ہی کیا تھا۔

یونائیٹڈ رشیا نے گزشتہ سال دسمبر میں ہونے والے پالیمانی انتخابات میں اپنی نشتوں کا ایک چوتھائی حصہ کھو دیا تھا۔ بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق پارٹی شدید بحران کا شکار ہے۔

وزیرِ اعظم مدیودیو نے اس موقع پر کہا کہ پارٹی ایک نئے دور کا آغاز کر رہی ہے اور آئندہ پارٹی کے تمام اہلکاروں کو انتخابات کے ذریعے تعینات کیا جائے گا۔