شامی حکومت کو اڑتالیس گھنٹے کی مہلت

شام میں حکومت مخالف باغیوں کی فری سیرئین آرمی نے حکومت کو ملک کے شہروں اور دیہات سے فوج نکالنے کے لیے اڑتالیس گھنٹے کی مہلت دی ہے۔

باغیوں کا کہنا ہے کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو وہ قیامِ امن کے عالمی منصوبے پر عمل کرنے کا عزم ترک کر دیں گے۔

انٹرنیٹ پر شائع ہونے والی ایک ویڈیو میں باغیوں کے ایک افسر کرنل قاسم سعد الدین نے کہا ہے کہ اگر حکومت جمعہ کی دوپہر تک ان کا مطالبہ نہیں مانتی تو باغی جنگجوؤں کے لیے یکطرفہ طور پر جنگ بندی پر عملدرآمد کی کوئی وجہ باقی نہیں رہے گی۔

باغیوں کا کہنا ہے کہ شامی حکومت اقوامِ متحدہ اور عرب لیگ کے مشترکہ ایلچی کوفی عنان کے امن منصوبے کی تمام جزئیات پر عمل کرے۔