چاغی: قبائل میں تصادم، سولہ ہلاک

صوبہ بلوچستان کے علاقے چاغی میں دو قبائل کے درمیان تصادم میں سولہ افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔

سیکورٹی فورسز نے حالات پرقابو پا لیا ہے تاہم علاقے میں کشیدگی برقرار ہے۔ جمعرات کو کوئٹہ سے چھ سو کلومیٹر دور جنوب میں افغان سرحد سے ملحقہ ضلع چاغی میں نامعلوم افراد نے مقامی سردار مردان خان محمد حسنی کے صاحبزادے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

اس واقعے کے بعد محمد حسنی قبائل ملزمان کا پیچھا کرتے ہوئے پہاڑی علاقے زردکان پہنچ گئے۔ محمد حسنی اور ان کے مخالفیں ایک دوسرے کے خلاف مورچہ بند ہوگئے اور ایک دوسرے کے خلاف جدید ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کی جو جمعہ کی شام تک جارہی۔