سپریم کورٹ کا فُل کورٹ اجلاس طلب

پاکستان کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے جمعہ کے روز سپریم کورٹ کا فُل کورٹ اجلاس طلب کر لیا ہے۔

سپریم کورٹ کے رجسٹرار ڈاکٹر فقیر حسین نے بی بی سی کو بتایا کہ اس اجلاس میں سپریم کورٹ، ہائی کورٹس اور ماتحت عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کو فوری نمٹانے کے علاوہ انتظامی امور بھی زیر غور ائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ چونکہ عدالتوں میں سولہ جون سے گرمیوں کی چھٹیاں ہو رہی ہے اس لیے ان امور کو نمٹانے کے لیے یہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

ایک سوال پر کہ کیا سپریم کورٹ کے ججز کے فُل کورٹ اجلاس میں بحریہ ٹاؤن کے سابق سربراہ ملک ریاض کی طرف سے منگل کے روز پریس کانفرنس کے دوران عدلیہ پر لگائے جانے والے الزامات کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا، تو اس پر ڈاکٹر فقیر حسین کا کہنا تھا کہ اس امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔