’گیلانی کے متبادل کی تلاش جاری‘

پاکستان کی سپریم کورٹ کی جانب سے ملک کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد ان کے متبادل کے انتخاب کے لیے سیاسی مشاورت کا عمل جاری ہے۔

ملک کی حکمران جماعت پاکستان پیپلز کی پارلیمانی پارٹی کا ہنگامی اجلاس بدھ کی شام چار بجے ایوان صدر اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے جس میں عدالتی فیصلے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کے علاوہ نئے وزیراعظم کی نامزدگی پر بھی غور ہوگا۔

ملک کے نئے وزیراعظم کے لیے پاکستانی ذرائع ابلاغ میں وزیرِ دفاع چودھری احمد مختار اور مخدوم شہاب الدین کے نام گردش کر رہے ہیں لیکن تاحال اس بارے میں جماعت کی جانب سے کوئی اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔

منگل کو فیصلہ آنے کے بعد پریس کانفرنس میں پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا تھا کہ نئے وزیراعظم کے نام کا فیصلہ بدھ کو جماعت کے اہم اجلاس میں کیا جائے گا۔