راجہ پرویز اشرف وزیر اعظم کے لیے نامزد

پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں حکمران اتحاد نے راجہ پرویز اشرف کو وزارتِ عظمی کا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔

اس بات کا اعلان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے متحدہ قومی موومنٹ کے حیدر عباس رضوی، عوامی نیشنل پارٹی کے افراسیاب خٹک اور مسلم لیگ ق کے سردار بہادر احمد خان کے ہمراہ اسلام آباد میں مشترکہ اخباری کانفرنس میں کیا۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا وزارتِ عظمیٰ کے لیے تمام اتحادی جماعتوں سے مشاورت کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں سال انتخابات کا سال ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی قیادت اور سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے عدلیہ کے تمام فیصلوں کا ہمیشہ احترام کیا ہے۔