بنگلہ دیش میں طوفانی بارش، اسی ہلاکتیں

جنوب مشرقی بنگلہ دیش میں طوفانی بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب اور پہاڑی تودے گرنے سے 80 سے زیادہ لوگ ہلاک ہوگئے ہیں۔

کئی دنوں سے جاری موسلا دھار بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں بند ٹوٹ گئے ہیں۔ کئی لوگ تودوں کی زد میں آنے والے اپنے ہی مکانات میں دب کر ہلاک ہوگئے جبکہ کئی اور سیلابی پانی میں ڈوب گئے۔

ساحلی شہر چٹاگانگ کے کئی علاقے سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

بارشوں اور سیلاب کے بعد دسیوں ہزار لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا ہے۔

قدرتی آفت کی وجہ سے حکام کو ہوائی اڈے بھی بند کرنا پڑے ہیں۔

سیلاب زدہ علاقوں میں لوگوں کی تلاش کا کام جاری ہے جس میں سیکیورٹی فورسز بھی حصہ لے رہی ہیں۔