امریکی سفیر: ’رچرڈ اولسن کی نامزدگی متوقع‘

امریکی میگزین فارن پالیسی کے مطابق صدر براک اوباما رچرڈ اولسن کو پاکستان میں نیا امریکی سفیر نامزد کریں گے۔

میگزین کے مطابق رچرڈ اولسن سنہ دو ہزار گیارہ سے افغانستان میں امریکی سفارتخانے میں ترقیاتی اور معاشی امور کے ڈائریکٹر ہیں۔

فارن پالیسی میگزین کے مطابق اگر رچرڈ اولسن کی نامزدگی منظور کر لی جاتی ہے تو وہ اسلام آباد میں امریکی سفیر کیمرون منٹر کی جگہ لیں گے۔

یاد رہے کہ کیمرون منٹر نے اس سال مئی میں اٹھارہ ماہ سفیر رہنے کے بعد اس عہدے سے سبکدوش ہونے کا اعلان کیا تھا۔

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں تعیناتی سے قبل وہ متحدہ عرب امارات کے سفیر تھے۔ اس کے علاوہ وہ میکسیکو، سعودی عرب، تیونس، عراق سمیت کئی ممالک میں فرائص سرانجام دے چکے ہیں۔