سابق انگلش کپتان جان ٹیری بری

برطانیہ کی عدالت نے فٹبال ٹیم کے سابق کپتان جان ٹیری کو ساتھی کھلاڑی اینٹون فرڈیننڈ کے خلاف نسلی مغلظات استعمال کرنے کے الزام سے بری کر دیا ہے۔

جان ٹیری نے جو چیلسی اور انگلینڈ کی فٹبال ٹیم کے ڈیفنڈر ہیں، ان الزامات کی تردید کی تھی۔ ان پر الزام تھا کہ پچھلے اکتوبر کوئنز پارک رینجرز کے خلاف میچ کے دوران انہوں نے اینٹون فرڈیننڈ کے خلاف ہتک آمیز نسلی جملے ادا کیے تھے۔

مجسٹریٹ ہاورڈ رڈل نے کہا کہ تمام شواہد کا جائزہ لینے کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ٹیری نسل پرست نہیں ہیں۔

فیصلے میں چیف میجسٹریٹ نے لکھا ہے ’استغاثہ نے جو شواہد پیش کیے ہیں وہ ناکافی تھے۔‘